پاکستان
04 اگست ، 2015

بھارت سے مہاجروںکوظلم سے بچانے کامطالبہ نہیں کیا،الطاف حسین

بھارت سے مہاجروںکوظلم سے بچانے کامطالبہ نہیں کیا،الطاف حسین

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہاہے کہ میں نے ڈیلاس میں ہونے والے ایم کیوایم امریکہ کے 19ویں سالانہ کنونشن سے اپنے خطاب میں بھارتی فوج یابھارتی حکومت سے پاکستان آکرمہاجروںکوظلم وستم سے بچانے کامطالبہ سرے سے کیاہی نہیں، اور جو لوگ بھی یہ جملہ مجھ سے منسوب کررہے ہیں وہ حقائق کومسخ کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ جولوگ یہ جملہ میری تقریرسے منسوب کررہے ہیں میں انہیں چیلنج کرتاہوں کہ اگرمیں نے اپنی تقریرمیں یہ الفاظ کہے ہوں کہ بھارتی فوج یابھارتی حکومت پاکستان آکرمہاجروں کی مددکرے اورانہیںظلم وبربریت سے نجات دلائے تومخالفین دنیاکے کسی بھی فورم پرمیری تقریرکے یہ جملے سنائیں۔ اگرالزامات لگانے والوں نے میری تقریر کے یہ جملے پیش کردیے تومیں اپنی گردن کٹانے کے لئے تیارہوں اوراگر الزامات لگانے والے یہ جملے نہ پیش کرسکیں تو وہ چلوبھرپانی میں ڈوب مریں۔ دریں اثنا پاکستان سمیت دنیا بھر میںمقیم پاکستانیوں کی اکثریت نے ایم کیوایم کی قیادت سے الطاف حسین کی دستبرداری کی رائے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم اور الطاف حسین لازم وملزوم ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کی ویب سائٹ پر عوامی سروے کے ذریعہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے دریافت کیا تھا کہ کیا پارٹی اورقوم کوبچانے کی خاطرانہیںتحریک سے دستبرداری کرلینی چاہیے؟ ایم کیوایم ویب سائٹ پرعوامی سروے ، ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ٹیلی فون، فیکس اور ای میل کے ذریعہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے الطاف حسین کی قیادت سے دستبرداری کی رائے کو نامنظور کیا ہے ، 72 فیصد سے زائد افراد نے الطاف حسین کے سوال پر ’’نہیں ‘‘ پرووٹ دیکر ایم کیوایم کی قیادت سے ان کی دستبرداری کی رائے کو یکسر مسترد کردیا ۔ علاوہ ازیں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، کارکنوں اورہمدردوں نے ٹیلی فون، فیکس اور ای میل کے ذریعہ قیادت سے الطاف حسین کی دستبرداری کی رائے کو نامنظور کرتے ہوئے کہاہے کہ الطاف حسین اور ایم کیوایم ، لازم وملزوم ہیں اور ظلم وستم کا کوئی بھی ہتھکنڈہ کارکنان وعوام کے دلوں سے الطاف حسین کی محبت کو ختم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ حالات چاہےکیسے بھی ہوں کارکنان وعوام ، الطاف حسین کی قیادت میں جدوجہد کرتے رہیں گے ۔

مزید خبریں :