09 اگست ، 2015
ہری پور........چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ باپ اور انسان کی حیثیت سے قصور میں زیادتی کے واقعات پر انتہائی شرمندگی ہے، جو لوگ اس میں ملوث ہیں انھیں عبرت ناک سزائیں دلانے کے لیے کل اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صوبے میں پہلی دفعہ فنانس کمیشن ایوارڈ دینگے، لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلی آچکی ہے ، تبدیلی باتوں سے نہیں نظام کی تبدیلی سے آتی ہے ، خیبرپختونخوا میں ہر ڈسٹرکٹ کو پیسے دیے جارہےہیں، پنجاب اور سندھ کے لوگ بھی اپنی حکومتوں سے رقم کا مطالبہ کرینگے، لوگ خود فیصلہ کرینگے کہ پیسا کہاں خرچ کرنا ہے ، ہر ضلع ،تحصیل، یونین کونسل اور گاؤں میں پیسے دینگے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ن لیگ کے مخالفین گھروں سے نہیں نکل سکتے، خیبرپختونخوا میں کہا گیا بدنظمی ہوئی، دوبارہ انتخابات کا کہہ دیا، دوبارہ انتخابات میں تحریک انصاف کو 45فیصد ووٹ ملے ، خیبر پختونخوا میں سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ ایک موقع پر ڈیزل کے ذکر پر عمران خان نے کہا کہ میں اسمبلی میں جارہاہوں،ڈیزل کی قیمت پربات کرونگا، پتا نہیں یہ ڈیزل کدھر سے آگیا، میں تھانا کچہری کی بات کررہا تھا۔ چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نےخیبرپختونخواکےعوام کوتھانا،کچہری ،پٹواری سےآزادکرانےکاعزم کیاتھا،کبھی ایساہواکہ وزیرکو احتساب کمیشن اٹھاکرلےجائے،تحریک انصاف کے دور میں صوبائی وزیر کو احتساب کیلیے جیل میں ڈالا گیا، تبدیلی تب آئےگی جب ایک پولیس والاعام آدمی اوروزیرمیں فرق نہیں کرےگا،خیبرپختونخواکےبلدیاتی انتخابات میں بدانتظامی ہوئی، لیکن ذمےدارکون تھا،خیبرپختونخوامیں کسی سیاسی مخالف پر پرچہ نہیں کٹتا، 25،20سال سے اصغر خان کیس چل رہاہے ،انصاف نہیں مل سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوامیں صوبائی وزیرپرکرپشن کےالزام کی تحقیقات شروع کیں، خیبرپختونخوامیں اسپتالوں اور یونیورسٹیوں کا نظام ٹھیک نہیں کرسکے ، اسپتالوں کے نئے نظام کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے ، ہری پورمیں پرانے اور نئے پاکستان والوں کامقابلہ ہے،پرانے لوگوں نے اربوں روپے لوٹےلیکن قانون بےبس ہے، نئے نظام میں وائس چانسلرمیرٹ کی بنیاد پر چنے جائیں گے۔