09 اگست ، 2015
لیہ.......لیہ میں زیر آب گھروں اور بستیوں تک پاک فوج کی ٹیمیں امداد کیلئے پہنچ رہی ہیں۔ شہر کے مضافات میں کچے کے علاقے کی غریب بستیوں پہ سرشام ہی اداسی اپنی عنابی زلفیں دراز کر دیتی ہے، ڈوبتے سورج کی طرح دریائے سندھ کے بے کنار پانیوں میں ڈوبتے دیس کے لوگ کہیں سیلاب میں رستہ بناتے اور کہیں تیرکر افق پہ سیاہی پھیلنے سے قبل گھروں کی راہ لیتے ہیں۔ کچے کی زیر آب بستیوں کا حفاظتی بند یا زندگی سے رشتہ مقامی سطح پر تیاری کی گئی بیڑیوں کے ذریعے ہوتا ہے، جو مسافروں کو اٹھاتی، اتارتی ، بستی بستی چلتی رہتی ہیں۔ بند سے چلی ایک بیڑی بستی سرائی ہینچی ہے، جہاں پاک فوج کی ایک ٹیم سیلاب اور باد و باراں میں گھری اس بستی کی مدد کو پہنچی ہے۔امداد کے منتظر بستی سرائی کے مکینوں کی طرح کچے کی درجنوں دیگر بستیوں اور گھروں کے مکین حکومت اور متعلقہ اداروں سے مدد و تعاون کے منتظر ہیں۔