10 اگست ، 2015
لاہور.......لاہور سے دبئی جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز کو فنی خرابی کے باعث واپس علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے دبئی کے لیے روانہ ہونے والی نجی ایئر لائن کی پرواز این ایل766 میں 300سے زائد افراد سوار تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی تھے۔ ایئرلائن حکام کے مطابق طیارے کی اڑان کے 1گھنٹے بعد ایک انجن خراب ہوگیا، جس پر اسے ہنگامی طور پر واپس لاہور ایئرپورٹ اتارا گیا۔ مسافروں کو طیارے سے اتار کر لاؤنج میں بھیج دیا گیا، طیارے کے انجن کی خرابی کے لیے کراچی سے ٹیم منگوالی گئی۔ ایئرلائن حکام کے مطابق مسافروں کو منزل مقصود پر جانے کا ازخود انتظام کرنے بصورت دیگر طیارے کی فنی خرابی دور ہونے کا انتظار کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔