12 اگست ، 2015
اسلام آباد......متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں،ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ،استعفوں کا فیصلہ حتمی ہے،آج ہی استعفے جمع کرائیں گے ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 40 سے زائد ایم کیو ایم کارکنوں کو ماورائے آئین قتل کیا گیا،سماجی،فلاحی تمام سرگرمیوں پرغیرآئینی پابندی عائد کردی گئی ہے،متوسط طبقے کو جمہوری کردار ادا کرنے سے روکا جارہا ہے اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی کارکنوں کو لاپتا کیا گیا ،آپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ،ہمارے کسی گرفتار کارکن کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔فاروق ستار نے کہا کہ بھتا خوری کا پیسا ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہوا، ہزاروں جھوٹے مقدمات الطاف بھائی اور کارکنوں کیخلاف درج کیے گئے،جتنا آپریشن ہوا ہے ایم کیو ایم کے خلاف کیا گیاہے۔