17 اگست ، 2015
سری نگر.........مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے محبت سے اظہار کے بڑھتے ہوئے واقعات سے بھارتی حکومت بوکھلا گئی۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف پاکستان کا یوم آزادی منانے پر مقدمہ درج کرلیا۔یہی وہ صدائیں تھیں، جنہیں سن کر مودی سرکار تلملا اٹھی۔ پاکستان کی محبت سے لبریز ان ملی نغموں کا ایک ایک بول بھارتی حکومت کے دلوں پر نشتر بن کر چبھا۔ آسیہ اندرابی نے اس بھرپور انداز میں پاکستان کا یوم آزادی منایا کہ سرحد پار یہ پیغام واضح طور پر پہنچ گیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے دلوں میں بستا ہے۔ ایک کے بعد ایسے واقعات سے بوکھلائی بھارتی حکومت کیا کرتی؟وہی کیا جو اس کا پرانا وتیرہ ہے، جھٹ آسیہ اندرابی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ حالانکہ ایسا پہلے بھی ہوچکا ہے،آسیہ اندرابی پہلے بھی پاکستانی جھنڈے لہرا چکی ہیں اور بھارتی حکومت مقدمہ بنانے کا شوق پہلے بھی پورا کرچکی ہے۔ اس لیے اب اسے یہ جان لینا چاہیے کہ کوئی قدغن کوئی زبردستی کشمیریوں کے پاکستان سے اس رشتے کو کمزور نہیں کرسکتی۔ یہ کشمیریوں کے دل کی آواز ہے اور کوئی جارحیت کوئی دادا گیری مقبوضہ وادی میں گونجنے والی جیوے جیوے پاکستان کی صداوں کو نہیں روک سکتی۔