17 اگست ، 2015
اسلام آباد.......کرنل شجاع خانزادہ کے ساتھ شہید ہونے والے ڈی ایس پی شوکت حسین کو ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کردی گیا۔ شہید کرنل شجاع خانزادہ پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ شعبہ انسداد دہشت گردی اور فرانزک سائنس ایجنسی کی 5رکنی ٹیم آج شادی خان پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے۔ شجاع خانزادہ کے ساتھ شہید ہونے والے ڈی ایس پی شوکت حسین کی نمازجنازہ ان کے آبائی علاقے روات میں ادا کی گئی۔ شہید ڈی ایس پی شوکت حسین شاہ کی نماز جنازہ روات کے علاقے حرکّہ میں ادا کی گئی جس میں شہید کے لواحقین، رشتے دار، علاقہ مکین اور راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسران بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ شہید کو ان کے والد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔ ساتھی پولیس افسران کا کہنا تھا کہ شوکت حسین ایک نڈر اور ایماندار افسر تھے۔ شہید شوکت شاہ کے خاندان میں پولیس فورس میں ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے ان کے نانا تصدق شاہ، چچا آفتاب شاہ اور کزن سہیل شاہ بھی شامل ہیں۔ شوکت شاہ کے سوگواروں میں والدہ، بیوہ اور 6سالہ بیٹی شامل ہیں۔ شہید کے لواحقین کا کہنا تھا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔