17 اگست ، 2015
کوٹلی........بھارتی فورسز کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے، تین دن میں خاتون سمیت تین افراد شہید اور 16 افرادزخمی ہوچکے ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپورجوابی کارروائی کی گئی۔ کوٹلی آزاد کشمیر کے ڈپٹی کمشنر عدنان خورشید کے مطابق لائن آف کنٹرول نکیال سیکٹر پر بھارتی افواج کی جانب سے آج تیسرے دن بھی مسلسل فائرنگ اور گولہ باری کی جارہی ہے۔ فائرنگ سے اب تک ایک خاتون سمیت 3 افراد شہید اور16 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ نکیال کے مضافاتی علاقوں ترکنڈی، داتوٹ، پلانی، دری مال، ڈبسی سمیت متعدد دیہات بھارتی گولہ باری کی زد میں ہیں۔ فائرنگ اور گولہ باری سے مکانات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ بھارتی جارحیت کےبعد پاک فوج کی جانب سےبھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی ۔