19 اگست ، 2015
کراچی........ ایم کیو ایم کے زخمی رہنما رشید گوڈیل کیلئے اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں، ڈاکٹر کہتے ہیں کہ وینٹی لیٹرپر انحصار کم ہوکر چالیس فیصد رہ گیا، حالت میں بہتری کے آثار ہیں لیکن زندگی کو لاحق خطرہ ٹلا نہیں،کل صبح میڈیکل بورڈ کا اجلاس دوبارہ بیٹھے گا۔ نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کو موت کے جس خطرے سے دوچار کیا تھا، وہ ڈاکٹروں کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود پوری طرح نہیں ٹلا،وہ بہ دستور وینٹی لیٹر پر ہیں تاہم وینٹی لیٹر پر ان کا انحصار 40فیصد رہ گیا ہے۔ بلڈپریشر اور دل کی دھڑکنیں نارمل ہیں مگر ایک گولی نے پھیپھڑے کو بُری طرح متاثر کیا ہے،ڈاکٹر اُنہیں زندگی کی طرف لانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، صبح سے اب تک اُن کی حالت میں جو تبدیلیاں آئیں، اُن میں سے کئی مثبت بھی ہیں۔ ایم کیو ایم کے رُکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر کراچی میں گزشتہ روز ٹارگٹ کلرز نے فائرنگ کی۔ رشید گوڈیل کو پانچ گولیاں لگیں جبکہ ان کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔