19 اگست ، 2015
کراچی.......کراچی کی داؤد انجینئرنگ یونی ورسٹی کے طلبہ کا یونی ورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ وائس چانسلر نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے طلبہ نےجامعہ کی انتظامیہ کے خلاف تیسرے روزبھی سڑک بند کرکےاحتجاج کیا۔ طلبا نے 17اگست کو احتجاج کا آغاز کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ 5سال سے جامعہ کے4نئے شعبہ جات ،پریکٹیکل لیباٹریز اور پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹرڈ نہیں کرائے جاسکے ہیں۔ طلبا نےوائس چانسلر پر لیپ ٹاپ کی غیر منصفانہ تقسیم اورغیرقانونی بھرتیوں کا الزام بھی لگایا۔ احتجاج کرنے والے طلبہ کا مطالبہ ہے کہ وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹایا جائے اور یونیورسٹی میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کرائی جائیں۔ دوسری طرف وائس چانسلر فیض اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ کچھ تنظیموں سے تعلق رکھنے والے طلبا نے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا نظا م خراب کردیا ہے۔ احتجاج کرنے والے طلبا کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔