پاکستان
19 اگست ، 2015

الطاف حسین سے ٹیلی فون پر 2 بار بات ہوئی، فضل الرحمان

الطاف حسین سے ٹیلی فون پر 2 بار بات ہوئی، فضل الرحمان

اسلام آباد .........مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم نوازشریف کو بتایا ہے کہ ایم کیو ایم سے مذاکرات کے دوران الطاف حسین سے ٹیلی فون پر 2 بار بات ہوئی ، انہیں بتایا کہ کراچی آپریشن نہیں رکے گا جس سے انہوں نے بھی اتفاق کیا، وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات پر آمادگی بھی ظاہر کر دی۔ جیو نیوز کو اعلیٰ سطح کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ اگر رشید گوڈیل پر حملہ نہ ہوتا تو وہ ایم کیو ایم ارکان کو اپنے ساتھ اسلام آباد لے کر آتے، مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم کے 9 تحفظات کی فہرست بھی وزیر اعظم کو پیش کی اور بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایم کیو ایم قائد الطاف حسین سے دو بار ٹیلی فون پر بات ہوئی، ان پر واضح کیا کہ کراچی آپریشن نہیں رکے گا، الطاف حسین نے بھی کہا کہ وہ کراچی آپریشن رکوانا نہیں چاہتے تاہم آپریشن کے دوران ایم کیو ایم سے ہونے والی نا انصافیوں کا تدارک چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کراچی آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کو خراج تحسین پیش کیا اور ایم کیو ایم کے رد عمل کو بھی سراہا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ایم کیو ایم کا وفد آپ سے ملنا چاہتا ہے، وزیر اعظم نے ملاقات پر آمادگی ظاہر کر دی، امکان ہے کہ یہ ملاقات رشید گوڈیل کی حالت سنبھلنے کے بعد اسلام آباد میں ہو گی۔

مزید خبریں :