کھیل
19 اگست ، 2015

آئی سی سی کا آصف اور سلمان پر پابندی یکم ستمبر سے ہٹانے کا اعلان

آئی سی سی کا آصف اور سلمان پر پابندی یکم ستمبر سے ہٹانے کا اعلان

دبئی........انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2010کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے کردار سلمان بٹ اور محمد آصف پر بھی کرکٹ کے دروازے کھولنے کا اعلان کردیا ہے، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے ساتھ محمد آصف اور سلمان بٹ بھی دو ستمبر سے انٹرنیشنل کرکٹ میں حصہ لے سکتے ہیں ۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی کے شکار سلمان بٹ اور محمدآصف پر آئی سی سی نے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ۔ دونوں کرکٹرز دو ستمبر 2015 سے قومی اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے اہل ہونگے ۔ محمد عامر کو پہلے ہی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی اجازت مل چکی ہے۔ آئی سی سی کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سلمان بٹ اور محمد آصف نے اینٹی کرپشن ٹربیونل کی جانب سے مقرر کردہ شرائط بھی پوری کردیں ہیں۔ اگست 2010 میں میں آئی سی سی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے سلمان بٹ پر دس سال کی پابندی عائد کی تھی جس میں سے پانچ سال کی سزا معطل تھی جبکہ محمد آصف پر عائد سات سال کی پابندی میں سے دو سال کی سزا معطل تھی، چوں کہ کھلاڑی ٹربیونل کی شرائط کو پورا کرچکے ہیں، اس لئے سسپینڈیڈ سزا کو ختم کردیا گیا ہے اور یہ دونوں کھلاڑی یکم ستمبر کو مدت پوری ہونے کے بعد دو ستمبر سے کرکٹ کے میدانوں میں واپس آسکیں گے ۔

مزید خبریں :