20 اگست ، 2015
کراچی.......وی آئی پی کو آنا تھا، یا کوئی اور وجہ، کراچی کے لیاقت نیشنل اسپتال سے صحافیوں کو نکالنے کی کوشش میں ہنگامہ ہوگیا، صحافی اور سیکورٹی اہلکار گتھم گتھا ہوگئے۔کراچی میں لیاقت نیشنل اسپتال کے باہر رشید گوڈیل کی حالت کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹ دینے کے لیے میڈیا کے نمائندے ہمہ وقت موجود ہیں ، لیکن آج دن میں صورتحال اس وقت پیچیدہ ہوگئی جب اسپتال کے سیکورٹی اسٹاف اور میڈیا نمائندوں میں ہاتھا پائی ہوگئی، اسپتال انتظامیہ نے گارڈز کو اسپتال سے صحافیوں کو نکالنے کا ٹاسک دیا جس پر صحافیوں اور اسپتال کے گارڈز گتھم گتھا ہوگئے، صحافیوں اور گارڈز میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ واقعے کے بعد اسٹیڈیم روڈپرصحافیوں نے اسپتال کی انتظامیہ کےخلاف احتجاج شروع کردیا اور اسٹیڈیم سےنیوٹائون تک ٹریفک بلاک کردی۔ صحافیوں کی جانب سے اسپتال کےسیکورٹی گارڈز کےمبینہ تشدد کےخلاف احتجاج کیاجارہاہے۔ پولیس کے مطابق صحافیوں پرتشددکرنےوالے2 گارڈزکوحراست میں لے لیا گیا ہے۔