20 اگست ، 2015
کراچی........کراچی میں وزیر اعظم کی آمد سے قبل گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں ہوئیں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت جاری آپریشن سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال میں واضح بہتری آئی تھی، تاہم گزشتہ ایک ہفتے میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ 12 اگست کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ہوٹل پر کھانا کھاتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ 16 اگست کو ناظم آباد کے علاقے میں پکوان سینٹر پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو ئے۔ 18اگست کو گلشن اقبال کے علاقے میں چار ڈاکو نجی بینک سے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ 18اگست کو ہی بہادرآباد کے علاقے میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل پر حملہ کیا گیا،جس میں وہ شدید زخمی ہوئے اور ان کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ گزشتہ ایک ہفتے میں شہر میں پے در پے پیش آنے والے ان واقعات نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چونکا دیا ہے اور ان واقعات کی مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔