20 اگست ، 2015
کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نےکہا ہےکہ وزیراعظم نے کراچی کا دورہ کیا اور متحدہ کے سوالوں کا جواب دیے بغیر ہی واپس چلے گئے۔ ایم کیوایم نے الطاف حسین کا ریکارڈڈ بیان نشرکرنے پر پابندی کے خلاف جمعہ کو پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا ریکارڈڈ نشریات پر بھی پابندی لگانا ہم کسی طور پر برداشت نہیں کریں گے اور یہ پابندی غیر قانونی اور غیرآئینی ہے، ہم اس پابندی کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کراچی آئے اور مزید کارکنا ن کی گرفتاری کا تحفہ دے کر واپس چلے گئے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ان کی ناک کے نیچےآئین اور قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور وہ کراچی آ تے ہیں اور پریس کانفرنس کرکے چلے جاتے ہیں۔ قصور واقعے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قصور کے بچوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور سیاست دان قصور واقعے کی پردہ پوشی میں لگے ہوئے ہیں۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی کراچی آپریشن کی مخالفت نہیں کی، صرف قانون نافذ کرنے والوں کو کراچی آپریشن کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم لیاقت آباد آئیں اور جلسے کریں، دس لاکھ کا مجمع ہم جمع کرکے دیں گے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کے بعد لیاری گینگ وار کے ملزمان ملک سے باہر گئے ہیں اور ان کو سہولیات فراہم کی گئی۔پریس کانفرنس کے دوران خورشید بیگم سیکریٹریٹ اور نائن زیرو کی اطراف کی گلیوں میں رینجرز نے پیدل گشت کیا اور کسی کو گرفتار کیے بغیر واپس چلے گئے۔