17 مئی ، 2012
کراچی … کراچی میں مزار قائد کے قریب سے خواتین کو اغواء، قتل اور اس کے بعد ان کی لاشوں کے ٹکڑے کر کے پھینکنے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ خادم رند کے مطابق ملزم اطہر عرف پپو کو مزار قائد کے قریب سے حراست میں لیا گیا اور اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بھی برآمد کیا گیاہے۔ ملزم نے 2 ماہ میں 2 خواتین کواپنے ساتھی کی مدد سے پہلے اغواء اور پھر قتل کرنے کے بعد لاشوں کے ٹکڑے سولجر بازار اور اطراف کے علاقوں میں پھینک دیئے۔ ملزم رکشہ ڈرائیور ہے اور واردات کے بعد فیصل آباد فرار ہو گیا جہاں سے گزشتہ روز ہی واپس پہنچا ہے۔ ملزم کے ایک ساتھی کو 2ہفتے قبل جمشید کوارٹرز پولیس نے گرفتار کیا تھا۔