17 مئی ، 2012
پشاور … نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کی صورت میں خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ اور پاک افغان بارڈر طورخم پر کنٹینرز اور آئل ٹینکرز پارک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے پیش نظر کراچی میں موجود ٹینکرز میں آئل لوڈ کرنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جو حکومت کی جانب سے نیٹو سپلائی کی بحالی کا اعلان ہوتے ہی افغانستان روانہ کردئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق نیٹو کیلئے سامان لے جانے والے کنٹینرز اور آئل ٹینکرز خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں تارو جبہ کے قریب ٹرمینلز میں پارک کئے جائیں گے جبکہ خیبرایجنسی میں پاک افغان بارڈر طورخم پر پارکنگ ٹرمینل فراہم کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے آئل ٹینکرز اور کنٹینرز مالکان کے سیکیورٹی کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کیلئے جامع منصوبہ تشکیل دیا جارہا ہے کیونکہ آئل ٹینکرز مالکان نے سیکیورٹی انتظامات کے بغیر نیٹو سپلائی لانے سے انکار کردیا ہے۔ ماضی میں خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں نیٹوکے کئی آئل ٹینکرز اور کنٹینرز پر شدت پسندوں کی جانب سے حملے کئے گئے تھے جس کی وجہ سے سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہیں۔