29 اگست ، 2015
اسلام آباد........ تحریک انصاف کے بعد پیپلز پارٹی بھی الیکشن کمیشن کے خلاف میدان میں آگئی اور یہ دباؤ بڑھنے پر پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے الیکشن کمشنرز مستعفی ہونے پر رضا مند ہوگئے۔ رونامہ جنگ اسلام آباد کے بیورو چیف طاہر خلیل کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ پیر کو سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ارکان چیف الیکشن کمشنر کو استعفے پیش کر دیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ایک ممبر نے اپنا استعفیٰ تحریر بھی کر لیا ہے ۔ جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی، جسٹس ریٹائرڈ شہزاد اکبر خان اور جسٹس ریٹائرڈ روشن علی عیسانی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پیر کو چیف الیکشن کمشنر نے ان ارکان کو بھر پور دفاع کرنے کی یقین دہانی کرائی تو صورت حال تبدیل بھی ہو سکتی ہے۔