31 اگست ، 2015
کراچی ......کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں واقع نجی یونیورسٹی کے قریب شدید فائرنگ سے خوف ہ ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس موقع پر دھماکے کی آوازیں بھی سنی گئیں ۔واقعے کے فورا بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے میں پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق نجی یونیورسٹی کے ٹینس کورٹ میں کوئی چیز آکر گری ،باہر سے آنے والی چیز کے پھٹنے سے 2افراد زخمی ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دو مارٹر گولے نجی یونیورسٹی کے اندر گرےجس سے2 افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے یونی ورسٹی کے پیچھے خالی پلاٹ کی تلاشی شروع کردی ہے۔دوسری طرف حبیب یونیورسٹی کے ترجمان سبطین نقوی نے جیو نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت یونیورسٹی میں موجود ہوں ،فائرنگ یا کوئی اورواقعہ یونی ورسٹی میں پیش نہیں آیا۔یونی ورسٹی میں کوئی فائرنگ نہیں ہوئی،فائرنگ کا واقعہ آدھا کلومیٹر دور واقعہ پیش آیا تھا۔اس موقع پر طلبا یونی ورسٹی میں موجود نہیں تھے کیونکہ یونیورسٹی میں شام کے وقت کوئی کلاسز نہیں ہوتیں۔