02 ستمبر ، 2015
کولمبو..........بھارت اور سری لنکا کے درمیان جاری 3ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے لنکن ٹیم کو 117رنز سے شکست دے دی ہے، جس کے نتیجے میں بھارت نے سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔ میچ کے پانچویں اور آخری دن لنکن ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 67رنز، 3وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کی، تو ان کی پوری ٹیم 85اوورز میں 268رنز کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی ، ٹیم کی جانب سے کپتان میتھیوز نے110 اور پریرا نے 70رنز بنائے،لیکن اس کے باوجود یہ دونوں ٹیم کو شکست سے نہ بچا پائے، بھارتی بولرز کی جانب سے ایشون 4، شرما 3اور یادوو نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے پہلے بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 274رنز اسکور کیے تھے اور ان کے پاس 111رنز کی برتی بھی تھی، جس پر لنکن ٹیم کو میچ اور سیریز کی جیت کے لیے 385رنز کا ہدف ملا اور وہ ناکام رہی۔ ادھر بھارتی ٹیم کی 22سال بعد لنکن ٹیم کے خلاف اس کی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 4سال بعد کسی بھی ٹیم کے خلاف اپنے ملک سے باہر بھی پہلی کامیابی ہے۔