05 ستمبر ، 2015
کراچی.......کراچی کی اسکول و کالجز وین ایسوسی ایشن نے پیر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کردیا ہے اور یہ اعلان ٹریفک پولیس کے رویے کے خلاف احتجاجاً کیا ہے جس میں اسکول وینز پر سی این جی سلنڈر کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے غیر قانونی اسکول وکالج وینز کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیاہے ، اور قوائد و ضوابط کی پابندی نہ کرنے والی متعدد اسکول وینز کے ڈرائیورز کا چالان بھی کیا اور ان کی گاڑیاں بھی ضبط کرلیں ۔ آل کراچی اسکول و کالج وین ایسوسی ایشن نےٹریفک پولیس کی کارروائی کے خلاف پیر سے وینز بند کرنے کی دھمکی دےدی ہے۔ صدراسکول و کالج وین ایسوسی ایشن کریم خان کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک نے اسکول وینز کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے اور بلاوجہ وینز کوبند کیا جارہا ہے۔ اسکول وکالج وین ایسوسی ایشن نے پیر سے غیر معینہ مدت تک وینز سڑک پرنہ لانے کا اعلان کردیا ہے۔ اسکول وینز ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں مالکان کو گاڑیوں کے رنگ پر چھوٹ تو ضرور دی گئی تھی لیکن سارا اختلاف سی این جی سلنڈر کے استعمال کا ہے ، جسے اسکول وین ایسوسی ایشن چھوڑنے کو تیار نہيں۔