08 ستمبر ، 2015
کراچی.........مقتول سماجی کارکن سبین محمود کے ڈرائیور کو بھی گزشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی بھٹائی کالونی میں قتل کردیا گیا۔ ڈرائیور کے قتل کیس میں تحقیقات شروع ہوگئی ہیں اور جائے وقوعہ سے ملنے والے نائن ایم پستول کے دو خول کو فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔سبین محمود قتل کیس کے عینی شاہد اور مقتولہ کے ڈرائیور غلام عباس کے قتل کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مقتول غلام عباس پر گولیاں گھر کے باہر ایک شخص نے چلائیں اور جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس وقت علاقے میں بجلی نہیں تھی، اس لیے اندھیرے کے باعث کوئی بھی شخص ملزم کی شکل نہیں دیکھ سکا۔ پولیس کو اہلخانہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ غلام عباس پر فائرنگ کرنے والا شخص دو روز قبل بھی اس سے ملنے آیا تھا۔مقتول غلام عباس کو گزشتہ روز گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔