08 ستمبر ، 2015
کراچی.........ڈاکٹر عاصم حسین سے کی گئی تفتیش کی رپورٹ جیونیوز نے حاصل کرلی۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین نے بیان دیا ہے کہ اومنی گروپ زرداری کے تمام مالی معاملات ڈیل کرتا ہے، اومنی گروپ زرداری کی سرپرستی میں چل رہاہے، سندھ میں سیکرٹریز، آئی جیز، ڈی آئی جیز کی تعیناتی اومنی گروپ کے ذریعے بلاول ہاؤس سے ہوتی ہے، اومنی گروپ شکارپور رائس مل، دادو شوگرمل،ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری،لاڑکانہ شوگر مل کے معاملات دیکھتا ہے، سکرنڈ شوگرمل،ٹھٹھہ شوگرمل،ایتھانول ڈسٹیلری کے معاملات بھی اومنی گروپ دیکھتا ہے، اومنی گروپ جنگلات کی اراضی پر قبضہ کرتا ہےاورکلفٹن میں بھی گروپ کے پاس قبضہ شدہ پلاٹس ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین بلاول بھٹو کا علاج بھی کرتے رہے، 2014 میں بلاول بھٹو کا چیک اپ ڈاکٹر عاصم نے کیا تھا،بلاول بھٹو زرداری کے چیک اپ میں بائی پولر کی بیماری تشخیص ہوئی،بلاول کا لندن کے روہیمپٹن اسپتال میں علاج ہورہا ہے۔