08 ستمبر ، 2015
اسلام آباد ........وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ زرداری صاحب نے ان پر ذاتی حملے کیوں کیے ، اس پر بہت دکھ ہوا ہے ۔ مسلم لیگ ن سندھ کا اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے وزیر اعظم نواز شریف کی توجہ دلائی سابق صدر آصف زرداری کے 31 اگست کو دیے گئےبیان کی جانب۔ وزیر اعظم بولے انہیں اس بیان سے بہت دکھ ہوا ہے،سمجھ نہیں آئی کہ زرداری صاحب نے ذاتی حملے کیوں کیے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ سب کوعزت دیتے ہیں اور ساتھ لے کر چلنا بھی چاہتے ہیں، زرداری صاحب کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی تھی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں وفاقی حکومت صوبوں میں مداخلت کرتی تھی، پنجاب میں جب ن لیگ کی حکومت تھی تو گورنر راج لگایا گیا لیکن اب مسلم لیگ ن کی حکومت نے کسی صوبے کے معاملات میں مداخلت نہیں کی۔وزیرا عظم نے دو ٹوک کہا کہ کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کراچی آپریشن خالصتاً دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف ہے، قومی دولت لوٹنےو الوں کا بلا امتیاز احتساب جاری رہے گا، کراچی آپریشن کو کوئی سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن سندھ کے رہنماؤں نےوزیر اعظم سے سندھ حکومت کی شکایت بھی کی، کہا کہ صوبائی حکومت کا رویہ ان کے ساتھ انتہائی متعصبانہ ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آپ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کی نشان دہی کریں،فنڈز وفاق فراہم کرے گا۔