09 ستمبر ، 2015
کراچی ......کراچی میں امن کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،24گھنٹوں میں 2میڈیا کارکنوں کو قتل کردیا گیا ۔آج دوپہر نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی میں فائرنگ سے سینئر صحافی آفتاب عالم جاں بحق کیا گیا ۔ جیو نیوز کے سیٹلائٹ انجینئرارشد جعفری کو بھی گزشتہ شب فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔
شہر میں ایک بار پھر دہشت اور خوف کے سایوں نے پنجے گاڑھنا شروع کردیئے ،ابھی گزشتہ رات فائرنگ سے قتل کیے گئے جیو نیوز کے سیٹلائٹ انجینیر ارشد جعفری کو قبر میں بھی نہ اتارا گیا کہ ایک اور سینئر صحافی آفتاب عالم کو قتل کردیا گیا ۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق آفتاب عالم بچوں کو اسکول سے گھر پہنچاکر باہر نکلے تو انہیں نشانہ بنایا گیا ، ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے ان پر فائرنگ کردی ، انہیںفوری طورپر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گيا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
چوبیس گھنٹے کے دوران دو میڈیا پرسنزجاں بحق ہوگئےلیکن ان کے حملہ آوروں کا کچھ پتہ نہ چل سکا ۔آج فائرنگ سے قتل ہونیوالے سینئر صحافی آفتاب عالم جیو نیوز سےبھی وابستہ رہے ہیں۔