09 ستمبر ، 2015
کراچی.........کراچی کے علاقے منظور کالونی میں گھر سے میاں بیوی اور دو بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعہ میں پولیس کو اہم سراغ ملا ہے۔پولیس کے مطابق زخمی حالت میں ملنے والے بچے نے بیان ریکارڈ کروایا ہے کہ باپ اور اسکے دوست نے مل کر گھر میں سب کو قتل کیا۔
کراچی کے علاقے منظور کالونی میں گھر سے پینتالیس سالہ قاری طارق، بیوی ثمینہ ، بیٹے سعد اور رمیسہ کی لاشیں ملنے کے واقعہ کی تفتیش میں پولیس کو اہم سراغ ملا ہے۔
ایس ایس پی سائوتھ ڈاکٹر فاروق کے مطابق گھر سے زخمی حالت میں ملنے والے گیارہ سالہ حماد نے بیان ریکارڈ کروایا ہے کہ باپ طارق اور اسکے دوست نےمل کر گھر میں سب کو قتل کیا۔
یہ بچہ اتنا گھبرایا ہوا ہے کہ مسلسل اپنے آپ کو اپنے باپ سے بچانے کا کہہ رہا ہے۔ ایس ایس پی سائوتھ کے مطابق 11 سالہ حماد کے گلے پر بھی تیز دھار آلے کے زخم ہیں۔اسے بھی قتل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ بچ گیا۔
پولیس کے مطابق گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر سب کو قتل کرنے کے بعد طارق کو اسکی مرضی سے اسکے دوست نے موت کی نیند سلادیا اور گھر کو آگ لگا کر فرار ہوگیا۔