پاکستان
09 ستمبر ، 2015

پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں ہو گا، نیشنل کمانڈ اتھارٹی

پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں ہو گا، نیشنل کمانڈ اتھارٹی

اسلام آباد........ پاکستان اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہو گا مگر کم از کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھے گا تاکہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے، پُرامن مقاصد کے لیے سول نیوکلیر ٹیکنالوجی تک رسائی پاکستان کا حق ہے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوا، اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت شریک تھی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اسلحہ کی دوڑ سے باہر رہے گا، مگر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے کم از کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھی جائے گی، ایٹمی عدم پھیلاؤ کے حامی ہیں اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے رہیں گے، سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان کا حق ہے اور نیوکلیئر سپلائر گروپ اور ایٹمی ہتھیاروں کی برآمد سے متعلق نظام میں بلاتفریق شرکت چاہتا ہے۔

اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے ملک کے ایٹمی اثاثوں کی سیکورٹی اور کمانڈ اینڈ کنٹرول پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو بتایا گیا کہ بھارت اسٹریٹجک اور روایتی ہتھیار تیز رفتاری سے کیسے حاصل کر رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے کہا کہ ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر پاکستان نیوکلیئر استحکام اور سیکورٹی کےمعاملے پر بین الاقوامی برادری سے مستقل رابطوں میں ہے، جنوبی ایشیا میں امن اور اسٹریٹجک استحکام پاکستان کی پالیسی کا اہم ترین جزو ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ملک کی اندرونی سیکورٹی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اورآپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

مزید خبریں :