پاکستان
09 ستمبر ، 2015

جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملہ، تحقیقات میں پیش رفت

جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملہ، تحقیقات میں پیش رفت

کراچی.........کراچی میں جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر گزشتہ شب ہونے والے حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس کو نشانہ بنانے والے گروہ نے جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کی۔واقعہ میں استعمال ہونے والی پستول چار پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے میں بھی استعمال کی گئی ہے۔

کراچی میں جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا۔واقعہ میں وہی گروپ ملوث ہے جو شہر میں بنا رہا ہے پولیس اہلکاروں کو نشانہ۔یہ انکشاف ہوا ہے فارنزک رپورٹ میں۔جائے وقوعہ سے ملنے والے خول کی فارنزک رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ یہی ہتھیار شہر میں چار پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے میں بھی استعمال کیا گیا ہے۔

ایک واقعہ میں ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں کو گلشن اقبال کے قریب نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ صدر اور گلبائی میں بھی دو پولیس اہلکاروں کے قتل میں یہی پستول استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ گروپ شہر میں بدامنی پھیلانے کے لئے قانون نافذ کرنے والوں کو نشانہ بنا رہا تھالیکن میڈیا پر اس گروپ کا یہ پہلا حملہ ہے۔

دوسری جانب تفتیشی حکام نے واقعہ کی جگہ کی جیو فینسنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان شہر کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آئے جبکہ بہادر آباد میں فائرنگ کے بعد انہیں شیرپاؤ کالونی تک فرار ہوتے دیکھا گیا ہے۔

حکام کے مطابق رات گئے پولیس کے شیرپاؤ کالونی میں چھاپے مار کر 84 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں سے کچھ کو پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیا ہے جبکہ کچھ سے تفتیش کی جارہی ہے۔ واقعہ کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت ڈرائیور انیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :