پاکستان
19 مئی ، 2012

آئندہ انتخابات میں اتحادکی کوشش کرینگے، پیرپگارا

کراچی…سربراہ مسلم لیگ فنکشنل پیر پگارا پیر صبغت اللہ راشدی نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بندش کے معاملے پر سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے تھا، انہوں نے کہا کہ صورتحال کو دیکھ کر آئندہ عام انتخابات میں اتحادکی کوشش کریں گے۔ فنکشنل لیگ کے ساتھ صدر زرداری ساتھ چلنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی ایسا نہیں کررہی۔کنگری ہاوٴس کراچی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے پیر پگارا کا کہنا تھا کہ جہاں پر ہمیں چانس ہوگا وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ضرور کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں تمام مسلم لیگیں ایک ہوں ،نواز شریف سے سیاسی مراسم ہیں باقاعدہ کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ وال چاکنگز سے سندھ تقسیم نہیں ہوگا۔اس سے قبل کنگری ہاوٴس میں فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا کی صدارت میں ہونے والے مجلس عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالتی فیصلے کے بعد بھر پور طریقے سے بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں کی جائیں،عوامی رابطہ مہم کے آغاز کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے جائیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی سیاسی آپشن اس وقت تک کھلے رکھے گی جب تک سیاسی صورتحال واضح نہ ہوجائے،پارٹی کو بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں بھی منظم کیا جائے،سندھ تک محدود نہ رکھا جائے۔

مزید خبریں :