15 ستمبر ، 2015
اسلام آباد.........وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ رینجرز کو احتساب کی دعوت دینا قانون کے دائرے سے باہر ہے، حیرت ہے کہ سیاسی رہنما نے ایسا مطالبہ کیسے کردیا؟
وزیرداخلہ کی طرف سے جاری بیان میں یوں تو تحریک انصاف کے سربراہ کا نام نہیں لیا گیا تاہم چوہدری نثارنے حیرانی کا اظہارکیا کہ سیاسی جماعت کے رہنما نے ایسا مطالبہ کس طرح کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرزکواحتساب کی دعوت دینا قانون کے دائرے میں نہیں آتا، رینجرز کراچی یا کسی اور جگہ اس قسم کا مینڈیٹ نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ سب کو اظہارِ رائے کی کھلی آزادی ہے مگر یہ آزادی آئین اور قانون کی حدود میں رہ کر ہونی چاہیے، فوج کی کارکردگی اور قربانیوں کا سب کو اعتراف ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ جنرل راحیل اور پاک فوج کی ہر سطح پر دادِ تحسین اس لیے ہے کہ وہ آئینی فرض بخوبی نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی خاطر فوج یا رینجرز سے ایسا مطالبہ اداروں کو متنازعہ بنانے کے مترادف ہے، ایسا مطالبہ کراچی آپریشن کو بھی اس کے اصل مقصد سے ہٹانے کا باعث بن سکتا ہے، فوج اوررینجرز کے کردارکو سیاسی بیانات کا حصہ بنانا نا قابلِ فہم اورغیر مناسب ہے۔
وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ غیر ضروری اور غیرمتعلقہ امور میں سیکیورٹی اداروں کو ملوث ہونے کی دعوت دینا غیردانشمندانہ فعل ہے، انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ءکے پاکستان سے بدرجہا بہتر ہے، کراچی امن کی طرف لوٹ رہا ہے اور ملک میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔