16 ستمبر ، 2015
کراچی ......کراچی کے علاقے ناتھ ناظم آباد میں گزشتہ شب ٹریفک پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے ملزم کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ حکام نے تیار کرلی ہے۔
ملزم ٹریفک اہلکار کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد بس میں سوار ہوکر ساتھیوں کے پاس پہنچا جو اسے گرومندر لے گئے اور وہاں اسٹریٹ کرائم مزاحمت پر فائرنگ کا واقعہ بتاکر سول اسپتال بھجوادیا گیا۔
ٹریفک پولیس اہلکاروں پر اب تک 5حملے ہوچکے ہیں،گزشتہ شب نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے ملزم کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔
ملزم نے ٹریفک پولیس اہلکار پر 30 بور پستول سے فائرنگ کی، موقع سے 30 بور پستول کے 2 خول جبکہ ایک گولی بھی ملی۔ ٹریفک پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ سے ایک گولی ملزم کے منہ پر لگ کر دوسری جانب سے نکل گئی، زخمی ملزم اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوا، جس پر کوئی نمبر پلیٹ موجود نہیں، ملزم نے لفٹ مانگنے کی کوشش کی، نہ ملنے پر بس میں سوار ہوکر ناگن چورنگی پہنچا، جہاں اس کے ساتھی موجود تھے ،جو اسے لیاقت آباد کے راستے گرومندر لائے،وہاں سے ایمبولینس منگوا کر سول اسپتال پہنچایا گیا۔
ایمبولینس سروس کو گرومندر پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کا واقعہ بتایا گیا۔ سول اسپتال سے پولیس کنٹرول پر زخمی شخص کی اطلاع پر پولیس کی چھٹی حس جاگی اور اسے حراست میں لیا گیا۔
ٹریفک پولیس اہلکاروں اور عینی شاہدین کو اسپتال بلوایا گیا تو انہوں نے ملزم کو شناخت کر لیا۔ ملزم کا نام بلال ، عمر 24 سال اور وہ نیو کراچی کا رہائشی ہے۔
بلال کے موبائل لوکیشن سے بھی تصدیق ہوگئی ہے کہ وہ فائرنگ کے وقت بورڈ آفس پر ہی تھا۔ بلال کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔