پاکستان
16 ستمبر ، 2015

جامعہ کراچی کی زمین کا تنازع :سندھ ہائیکورٹ نے ریکارڈ طلب کرلیا

جامعہ کراچی کی زمین کا تنازع :سندھ ہائیکورٹ نے ریکارڈ طلب کرلیا

کراچی ......سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے سے متعلق درخواست پر بورڈ آف ریونیو سے زمین کا اصل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل کو دلائل دینے کا حکم بھی دیا ہے۔

جامعہ کراچی کی زمین پر قبضے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار عابد علی اور لال چند نے بتایا کہ انہوں نے 1992 میں ساڑھے 3 ایکڑ زمین خریدی تھی، جس پر جامعہ کراچی نے قبضہ کر رکھا ہے۔

جامعہ کراچی انتظامیہ نے موقف اختیارکیا کہ حکومت سندھ نے 6 ایکڑ اراضی 1962 میں جامعہ کراچی کو الاٹ کی تھی۔ اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ حکومت بھرے ہوئے گھروں کو اور بھر رہی ہے،غریب فٹ پاتھ پر سو رہے ہیں لیکن کسی کو ایک انچ زمین الاٹ نہیں کی جاتی۔

جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے استفسار کیا کہ سرکاری زمین 500 روپے گز میں کیسے الاٹ کی گئی اگر وزیر اعلیٰ کو زمین الاٹ کرنی ہے تو خیر پور میں اپنی زمین لوگوں کو الاٹ کریں۔

عدالت نے بورڈ آف ریونیو سے زمین کا اصل رکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :