16 ستمبر ، 2015
اسلام آباد.......پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی نے احتجاج اوردھرنے کے دوران ملنے والی تنخواہیں لوٹا دیں۔ ارکان کی تنخواہیں تو وزیراعظم ریلیف فنڈ میں جمع ہوئیں لیکن چیئرمین تحریک انصاف کی تنخواہ عطیہ توہوئی لیکن کہیں اور۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے رواں سال جولائی میں پاکستان تحریک انصاف کے 24 ارکان قومی اسمبلی کو اگست 2014ء سے جون 2015ءتک کی تنخواہیں جاری کیں جو تحریک انصاف کےارکان نے وصول بھی کرلیں اورجب تنقید کےنشتر برسنا شروع ہوئے تو چیئرمین تحریک انصاف نے تنخواہوں کی مد میں ملنےوالی رقم عطیہ کرنے کااعلان کردیا۔ وعدہ وفا ہوا اورتحریک انصاف کےارکان نے تنخواہیں لوٹاتےہوئے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں جمع کرادیں لیکن خان صاحب نے یہ رقم لوٹائی توضرور لیکن وزیراعظم کےریلیف فنڈ میں جمع نہ کرائی بلکہ ان کی تنخواہ جمع ہوئی شوکت خانم میموریل اسپتال میں۔تحریک انصاف کے ارکان کوکل تقریباً 2 کروڑ روپے ملے تھے۔ اگست سے اپریل تک 9 ماہ کے تقریباً مجموعی طور پر سوا کروڑ روپے سے زائد رقم وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کرائی گئی، یوں تحریک انصاف کے ہر رکن نے اوسطاً ساڑھے چار لاکھ روپے عطیہ کیے۔