16 ستمبر ، 2015
راولپنڈی.......بھارتی فوج کی بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے عالم گاؤں کاایک شہری زخمی ہوگیا، پاکستانی فورسز نے بھارتی جارحیت کامؤثرجواب دیا۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ آج صبح شروع کیا، اس سے عالم گاؤں کا رہائشی غلام نبی زخمی ہوگیا۔ پاکستانی فورسز نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا ۔
دوسری جانب بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کے خلاف ورزی اور راولا کوٹ میں بلا اشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ اسلام آباد طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو کنٹرول لائن اورورکنگ باؤنڈری پر مسلسل اوربلا اشتعال بھارتی فائرنگ پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔
راولاکوٹ میں بھارتی فائرنگ سے گذشتہ روز ایک پاکستانی فوجی شہید جبکہ آج ایک شہری زخمی ہوا، بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ 2003ءکے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔