29 ستمبر ، 2015
ہرارے .........پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 15رنز سے ہراکر دومیچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی،جبکہ اس میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹی ٹوئنٹی کے عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 137کا ہدف دیا تھا،تاہم زمبابوے کی ٹیم اپنے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 121رنز تک محدود رہی۔اس سے قبل ہرارے اسپورٹس کلب پر کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا اور اپنے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنائے۔
تاہم جواب میں میزبان ٹیم کے صف اول کے چار بیٹسمین صرف 24کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔لیکن سین ولیمز 40ناٹ آئوٹ اور سکندر رضا 36نے پاکستانی بولرزکا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 60کی شاندار شراکت جوڑی۔
بعد میں آنے والے افریقی بیٹسمین سین ولیمز کا بھرپور ساتھ نہ دے سکے اور رنز بنانے کی مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکے اور میزبان ٹیم بیس اوورز میں 121رنز تک محدود رہی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور عمران خان نے دو دو جبکہ سہیل تنویر اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔میچ میں شاندار پرفارمنس پر عمر اکمل کو مین آف دی میچ جبکہ عماد وسیم کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔