30 مارچ ، 2025
برطانوی اخبار نے آسٹریلیا کے لیگ اسپنر شین وارن کی موت سے اہم دعویٰ کردیا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کو سینیئر تھائی پولیس افسر شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایاکہ آسٹرِیلوی لیگ اسپنر شین وارن کی موت کی وجہ " صرف دل کا دورہ " نہیں تھی، مرنے سے پہلے شین وارن نے ممکنہ طور پر ممنوعہ دوا استعمال کی تھی۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اس کی شیشی "اوپر کے حکم" کی وجہ سے پولیس نے کمرے سے غائب کردی اور رپورٹ میں بھی اس دوا کا ذکر نہیں کیا۔
افسر نے دعویٰ کیا کہ دوا غائب کرانے اور تحقیقات نہ کرانے کا فیصلہ شین وارن کی عزت کی خاطر کروایا گیا، اس فیصلے کو آسٹریلوی حکام کی حمایت شامل تھی اور آخری وقت میں شین وارن کے ساتھ موجود خواتین سے بھی پوچھ گچھ نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ 52 سالہ شین وارن کی موت چار مارچ 2022 کو تھائی لینڈ کے کوہ ساموئی کے جزیرے کے ایک عالیشان ولا میں ہوئی تھی۔ پوسٹ مارٹم میں موت کی وجہ دل کا دورہ لکھی گئی۔
ڈاکٹرز کے مطابق شین وارن کا دل کمزور تھا، وہ دمے میں بھی مبتلا تھے، ایسے میں قوت بخش ممنوعہ دوا مہلک ثابت ہوسکتی ہے۔