01 اکتوبر ، 2015
کراچی… رفیق مانگٹ…بھارتی فوج کی پاکستان دشمنی اور ان کے ناپاک ارادے ایک بار پھر سامنے آگئے۔ سری نگر کے اخبار”رائزنگ کشمیر“ کے مطابق بارمولا میں بھارتی فوج کے 19ویں انفینٹری ڈویژن کے بریگیڈیئر جے ایس چیمہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے پاس راولپنڈی میں پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر پرحملے کا ایک آپشن ہے۔ انہوں نے یہ بات سری نگر میں15 کور ہیڈ کوارٹرز میں فوج کی طرف سے منعقد ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کیاہم کسی دوسرے26نومبر کا انتظار کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ دہلی کو بھی اسلام آباد کے ساتھ ویسا ہی نمٹنا چاہیے جیسا اسامہ کے لئے امریکا نے ایبٹ آباد میں آپریشن کیا۔ بھارتی فوج پہلے ہی ایک دوسرے ملک میانمار میں جاکر اس طرح کی کارروائی کرچکی ہے۔بریگیڈیئر چیمہ نے کہا کہ فوج کوکشمیر میں حریت پسند قیادت کو غیر متعلقہ بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انیس ویں انفینٹری ڈویژن کے میجر جنرل راج شکلا نے اپنی تقریر میں کہا کہ نئی دہلی کواسلام آباد کی بیجنگ سے بڑھتی فوجی شراکت داری کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ جنگوں میں پاکستان کو بچانے کبھی چین نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک بھارت پاکستان ملٹری تعلقات کا معاملہ ہے بھارتی فوج وسیع نقطہ نظر میں دفاعی پوزیشن میں ہے لیکن آپریشنل اور ٹیکنیکل سطح پر جارحانہ ارادے ہیں۔
برگیڈیر جے ایس چیمہ نے کہا کہ پاکستان نے کسی تنازع کا آغاز کیا تو بھارتی فوج کئی طریقوں سے تنازعات پیدا کرے گیاجبکہ راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے کا ایک آپشن ہے۔