01 اکتوبر ، 2015
ہرارے......پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ہرارے میں کھیلے جارہے میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں اظہر علی، احمد شہزاد، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، وہاب ریاض، عامریامین، یاسر شاہ اور محمد عرفان شامل ہیں۔عامر یامین پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رہے ہیں۔
پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں ہونے والے51 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی ٹیم نے 45 میں کامیابی حاصل کی جبکہ زمبابوے کی ٹیم صرف تین میچ جیت سکی ہے، ایک میچ ٹائی ہوا اور دو کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔
زمبابوے کی سر زمین پردونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے ون ڈے میچز میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کےدرمیان زمبابوے کی سر زمین پر 18ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے 14جیتے ، دو میں زمبابوے کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔
حالیہ دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دوٹی20 میچز میں پاکستان نے زمبابوے کو دو۔صفر سے شکست دے کر سیریزاپنے نام کی تھی، دونوں میچوں میں پاکستانی ٹیم 136،136رنز بناسکی جبکہ کوئی بیٹسمین چالیس رنز بھی بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔البتہ اب گرین شرٹس کو تازہ کمک مل گئی، جس کے بعد بیٹنگ لائن کی جانب سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔