پاکستان
04 اکتوبر ، 2015

کراچی کے اسپتالوں پرچھاپے، زیرعلاج ملزمان گرفتار

کراچی کے اسپتالوں پرچھاپے، زیرعلاج ملزمان گرفتار

کراچی........کراچی کے اسپتالوں میں چھاپے مارکر بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم اورافغانستان سے تعلق رکھنے والےزخمی ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

کراچی کے مختلف اسپتالوں میں سنگین جرائم میں ملوث زخمی ملزمان کے زیرعلاج ہونے کی اطلاعات پرسیکیورٹی اداروں نے اسپتالوں پرچھاپے مارے ہیں۔

ہفتے کی رات اسٹیڈیم روڈ پرواقع نجی اسپتال میں سیکیورٹی اداروں اورپولیس نے چھاپا مارکر رسول بخش نامی ملزم کوگرفتارکرلیا، ملزم بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اوراغوا برائےتاوان کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم رسول بخش حساس ادارے کے دو اہلکاروں کے قتل کے علاوہ سیکیورٹی اداروں کے کیمپوں پر حملوں میں بھی ملوث ہے۔

ہفتے کی رات ہی انسداد دہشت گردی سیل نے ڈیفنس میں واقع نجی اسپتال میں چھاپا مار کر افغانستان سے تعلق رکھنے والے دو افراد کر گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے چہروں پر زخموں کے نشانات ہیں اور انھیں اسپتال کی تیسری منزل پر خواتین کے وارڈ میں رکھا گیا تھا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے سے بھی پوچھ گچھ چل رہی ہے، اس کے علاوہ دو روز قبل کراچی کے علاقے دھوراجی میں سی ٹی ڈی نے نجی اسپتال میں چھاپا مار کرچار دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سےہے ۔

مزید خبریں :