پاکستان
05 اکتوبر ، 2015

پی پی 16اٹک میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

پی پی 16اٹک میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

اٹک.......پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی خودکش حملے میں شہادت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر کل ضمنی انتخاب ہوگا۔

پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 16 اٹک 2میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں یہ نشست 16اگست 2015کو پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے دہشتگردوں کے حملے میں شہادت کے بعد خالی ہوئی تھی۔

اس وقت اس حلقے سے دو امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیںجن میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر شہید وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے بیٹے جہانگیر خانزادہ اور آزاد امیدوار ڈاکٹر نعیم اعوان شامل ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے اس حلقے سے امیدوار نہ کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد 2 لاکھ 6 ہزار سے زائد (206669)ہےجن میں 1 لاکھ 14 ہزار سے زائد (114027) مرد ووٹرز جبکہ 92 ہزار 6 سو سے زائد (92642) خواتین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ جبکہ پولنگ اسٹیشنوں کی کل تعداد137ہے۔

اگر 2013کے انتخابات پر نظر ڈالی جائے تو شجاع خانزادہ نے اس حلقےسے 38791ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار رضا خا ن تھے جنھوں نے 25931 ووٹ لے کر دوسری پوزیشن لی تھی ۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قاضی احمد اکبر خان نے 18549 ووٹ حاصل کئے تھے۔

ان ضمنی انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے ڈاکٹر نعیم اعوان نے 2013 کے الیکشن میں پی پی پی پارلیمینٹیرینز کےامیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑا تھااور صرف 990 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :