22 مئی ، 2012
اسلام آباد… نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا ہے کہ ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے ، نوجوانوں کو آگے آنا ہوگااور آئندہ انتخابات میں چلے ہوئے کارتوسوں کی بجائے قابل اور ایماندار لوگوں کو ووٹ دینا ہوں گے۔ اسلام آباد میں ایک سمینار سے خطا ب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ وہ چالیس پچاس سال قبل پاکستان آئے تھے جو آج کے پاکستان سے کہیں زیادہ بہتر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ بھوک سے خود کشیاں کر رہے ہیں جس کے ذمہ دار حکمران ہیں، جو جہنم میں جائیں گے، عدلیہ صرف چار پانچ مقدمات کو لیکر بیٹھی ہوئی ہے، حکمران مجرم بن کر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرت نے پوری دنیا میں سب سے زیادہ نعمتیں پاکستان کو عطا کی ہیں، اگر قوم و قائدین صحیح ہوں تو ملک کو ملائشیا جیسا بنا دیں گے۔