15 اکتوبر ، 2015
واشنگٹن........امریکی صدر براک اوباما نے آئندہ سال افغانستان میں 9800 فوجی رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 2017 میں بھی ساڑھے پانچ ہزار فوجی وہاں تعینات رہیں گے ۔ان کا کہنا ہے کہ افغان فورسز تنہا صورت حال کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہیں ۔
صدر اوباما نے وائٹ ہائوس میں خطاب کے دوران افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق منصوبے میں تبدیلی کا اعلان کیا ۔ ابتدائی منصوبے کے تحت 2016 کے آخر تک امریکی سفارت خانے کے محافظین کے سوا تمام امریکی فوجیوں کو افغانستان سے واپس آنا تھا۔
تاہم اب صدر اوباما نے اعلان کیا ہے کہ 2016 تک افغانستان میں 9800 فوجی رہیں گے اور اس کے بعد 2017 میں بھی ساڑھے پانچ ہزار فوجی کابل، بگرام ، جلال آباد اور قندھار میں تعینات رکھے جائیں گے ۔امریکی فوجی افغان فوج کو تربیت دیں گے اور القاعدہ کی باقیات سے لڑیں گے۔