19 اکتوبر ، 2015
گلگت.......ملک کے بالائی علاقوں اور کالام کے پہاڑوں پر ہونےوالی برفباری نے شہریوں کو سردی کی آمد کا پیغام دے دیا،جبکہ مختلف مقامات پربرسنے والے بادلوں نے بھی موسم کو تبدیل کردیا۔
سرسبز مناظر،ٹھنڈی ہوائیں،صبح صبح پرندوں کی چہچہاہٹ ،جنت النظیر مناظر اور آسمان سے گرتی ہوئی برف کی سفید موتیاں
ملک کے بالائی علاقے دیامر اور غذر کے پہاڑوں پر ہونےوالی وقفے وقفے سے برفباری نے موسم کو سرد اور دلفریب کردیا۔
سہانے اور دلکش موسم کو شہری خوب انجوائے کررہے ہیں۔درجہ حرارت کم ہونا شروع ہوا تو شہریوں نے گرم کپڑے نکال لئے۔کالام اور چترال کے پہاڑوں پر بھی برف برسنے کا سلسلہ شروع ہوگیاجبکہ میدانی علاقوں میں بادل گرجے بھی اور وقفے وقفے سے برس بھی رہے ہیں ۔
کالی گھٹاؤں نے میر پور آزاد کشمیر کی وادیوں کا بھی رخ کرلیا۔مظفر آباد شہر اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے،جس سے تو موسم نے بھی اپنارنگ بدل لیا ہے۔
راجن پور اور گجرات میں بھی بارانِ رحمت نے سردی کی آمد کی خبرسُنادی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران پشاور سمیت خیبرپختون خوا کے مختلف علاقوں ، اسلام آباد ، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کاامکان ہے۔