19 اکتوبر ، 2015
کراچی.......سندھ حکومت کی جانب سے چیلنج کی گئی نئی حلقہ بندیوں میں تبدیلی سے متعلق صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی ۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں سے متعلق دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک وضاحت طلب کرلی ۔صوبائی حکومت کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی۔درخواست سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عمران عطاء سومرو نے دائر کی تھی۔
سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ،سندھ حکومت نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 6اضلاع کی 9یونین کونسل کا تنازع تاحال حل نہیں ہوسکا ، ان اضلاع میں نئی یوسیز بنائی گئی اورکسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے،جبکہ الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ زیادہ ترمعاملات حل کرلیے گئے ہیں،چند ایک خامیاں باقی ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن وضاحت پیش کرے کہ ان اضلاع میں انتخابات روک دیے جائیں؟ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن اس حوالے سے ساڑھے12بجے عدالت کو آگاہ کرے۔الیکشن کمیشن نے 23 اور 29 ستمبر کو چیف سیکریٹری سندھ کو خطوط ارسال کئے تھے جن میں سندھ ہائی کورٹ کے 3 ستمبر کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں کا کہا گیا ہے۔