19 اکتوبر ، 2015
اسلام آباد .....جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے فاٹا کو صوبائی حیثیت دینےاور ایف سی آر کے خاتمے کے لیےتمام سیاسی جماعتیں 29 اکتوبر کو پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میںانہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ایف سی آر کے خاتمے اور فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لیے طویل مشاورت کے بعد تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل قبائلی سیاسی اتحاد بنایا ہے، جس کے سربراہ پیپلزپارٹی کے رہنما اخونزادہ چھٹان ہیں ۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے اب تک فاٹا میں کوئی قانون نہیں ہے ،پولیٹیکل ایجنٹ بادشاہ بنے بیٹھے ہیں اور عوام سیاسی ،معاشی اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں ،اس لیے تمام سیاسی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے بائیسویں آئینی ترمیم کر کے فاٹا کو صوبائی اسٹیٹس دیا جائے اس کے لیے 29 اکتوبر کو تمام سیاسی جماعتیں ڈی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کریں گی اور 2 نومبر کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جارہی ہے، جواس حوالے سے مزید مشاورت کرے گی ۔
انہوں نےکہا کہ حکومت آئی ڈی پیز کی بحالی اور تعمیر نو میں ناکام ہو چکی ہے اس لیے ان کے لیے فوری ریلف پیکج کا اعلان کیا جائے ۔
اس موقع پر سیاسی اتھاد کے سربراہ اخونزادہ چھٹان نے کہا کہ ہم احتجاج کسی کی حکومت گرانے کے لیے نہیں بلکہ اپنے حق کے لیے کر رہے ہیں اور حوالے سے نواز لیگ سمیت تمام جماعتوں نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔