پاکستان
19 اکتوبر ، 2015

جنوبی ایشیا کا بڑامسئلہ عدم استحکام ہے،نائب وزیردفاع ڈنمارک

 جنوبی ایشیا کا بڑامسئلہ عدم استحکام ہے،نائب وزیردفاع ڈنمارک

اسلام آباد......پاکستان کے دورے پر آئے ڈنمارک کے نائب وزیردفاع پھیہ لی اووی سن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پائیدار استحکام، ترقی اور تعلیم پر توجہ دینا ہوگی، عدم استحکام جنوبی ایشیا کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈینش نائب وزیردفاع نے مزید کہا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان آرمی آپریشنز کے لحاظ سے ایک ماہر فوج ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پائیدار استحکام، ترقی اور سب سے بڑھ کر تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔

ان کا مزیدکہناتھاکہ ڈنمارک پاکستان کے ساتھ دوسالہ استحکام پروگرام پر عمل پیرا ہے،جس میں دیسی ساختہ بارودی سرنگوں کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ ڈینش نیوی پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ساتھ سرچ اینڈ ریسکیو کے علاوہ کھلے سمندر میں خطرناک مراحل سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب پھیہ لی اووسن نےکہاکہ اتحادیوں نے افغانستان میں سیاسی اور عسکری لحاظ سے افغانوں کیلئے موقع پیدا کر دیا ہے کہ وہ اپنے معاملات خود سنبھال سکیں۔ ہمارا افغانستان میں جانے کا مقصد وہاں سے واپس آنا تھا، ایسے حالات چھوڑ کر جب افغان حکومتی ادارے، سیاسی جماعتیں اور سیکورٹی فورسز اپنا دفاع اور حفاظت خو د کر سکیں۔

نائب وزیردفاع کے مطابق دنیا کے مفادات جنوبی ایشیا سے جڑے ہوئے ہیں ،خطے کو درپیش چیلنجز کو امکانات میں بدلا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :