پاکستان
23 مئی ، 2012

کراچی :سندھ محبت ریلی کے دوران فائرنگ ، 12افراد جاں بحق

کراچی :سندھ محبت ریلی کے دوران فائرنگ ، 12افراد جاں بحق

کراچی ... سندھ محبت ریلی اور کراچی اولڈ سٹی کے مختلف علاقو ں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 12افراد جاں بحق اور 35سے زائد زخمی ہوگئے۔نامعلوم افراد نے جلاوٴ گھیراوٴ کے دوران ایک درجن گاڑیوں،20سے زائد موٹرسائیکلوں اور کئی دکانوں سمیت متعددپتھاروں کو آگ لگادی،جس کے بعد رینجرز کی جانب سے چھاپہ مار کاروائیاں کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا، گزشتہ روز سندھ محبت ریلی کے شرکاء فٹبال ہاوٴس لیاری میں جمع ہوئے اورپریس کلب جانے کے لیے اولڈ سٹی ایریا سے ایم اے جناح روڈ کی جانب بڑھے تو پہلے نیو چالی اورپھر نیپئیر روڈپر فائرنگ کی گئی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔جونا مارکیٹ ، پان منڈی،نیو چالی،ڈینسوہال،بولٹن مارکیٹ اور آس پاس کے علاقوں میں جلاوٴ گھیراوٴ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اور اس دوران نیپئیر روڈ پر تقریباً ایک درجن گاڑیاں، ڈیڑھ درجن سے زائد موٹرسائیکلیں اور متعدد دکانوں کو آگ لگادی، اس دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے کہیں نظر نہیں آئے نہ ہی آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹرز آگے بڑھے۔نیپئر پولیس لائن پر نامعلوم افراد نے راکٹ بھی فائر کیا گیا۔رینجرز حکام کے مطابق مشرف کالونی، رنچھوڑ لائن اور نیپئیر روڈ پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں ہیں،کارروائیوں کے دوران دو مبینہ ٹارگٹ کلرز سمیت 15 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا،رینجرز حکام کا دعویٰ ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کے قبضے سے مختلف اقسام کا جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے،رات گئے گارڈن،لائینز ایریا ،بوھرا پیر اور اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی جانب سے مزید چھاپہ مار کاروائیاں جاری رہیں،رینجرزکی جانب سے پکڑے گئے افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے،دوسری جانب ڈی جی سائنس کالج کے سامنے واقع رینجرز کے دفتر کے باہر اولڈ سٹی ایریا اور بوھرا پیر کے علاقوں میں پکڑے گئے افراد کے اہلخانہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،احتجاجی مظاہرین میں خواتین بھی شامل تھیں،رینجرز اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ڈنڈے بھی مارے گئے،جو خواتین کو بھی لگے،اس دوران رینجرز اہلکاروں نے میڈیا کے نمائندوں کو کوریج سے روک دیا۔ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عاصم قائم خانی کے مطابق فیڈرل بی ایریا کے علاقے سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں،جنھیں گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد پھینکا گیا،پولیس کے مطابق دو مقتولین کے ہاتھ اور پاوٴں رسیوں سے بندھے ہوئے تھے،جبکہ آنکھوں پر بھی پٹیاں بندھی ہوئی تھیں،مقتولین کو جسم کے اوپری حصے اور سر میں گولیاں ماری گئیں ،دونوں لاشوں کو پولیس کاروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :