24 اکتوبر ، 2015
کراچی.......اسلام کی ڈوبتی کشتی کو بھنور سے نکالنے والے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور آپ کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں نکالے گئے جلوس اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
لاہور میں یوم عاشور پر شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس گزشتہ شب نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا جو بیرون بھاٹی گیٹ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوا اور امام بارگاہ قدیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
پشاور میں بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوئے جو اپنی اپنی منزل تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کے جلوس کا آغاز عَلم دار روڈ پر رحمت اللہ چوک سے ہوا جو علم دار روڈ پر پنجابی امام بارگاہ پہنچ کر ختم ہوا۔