پاکستان
24 اکتوبر ، 2015

جیکب آباد دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

جیکب آباد دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

جیکب آباد.......جیکب آباد میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، مبینہ خود کش حملہ آور کے فنگر پرنٹس نادرا کو جبکہ اعضا اسلام آباد میں ٹیسٹ کے لیے بھجوادیے گئے ہیں۔

دھماکے کی تحقیقات کےلیے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کریں گی۔ تفتیشی ذرائع بتاتے ہیں کہ جیکب آباد کے محلہ لاشاری میں نومحرم کے جلوس میں کیا گیا دھماکا خودکش تھا، خودکش جیکٹ میں 4 سے 5کلو گرام دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگز استعمال کیے گئے جو3ایم ایم سائز کے تھے۔

مبینہ خودکش حملہ آور کے فنگر پرنٹس نادرا کوبھجوائے جارہےہیں،جبکہ ڈی این اے کے لیے نمونے اسلام آباد بھجوائے جائیں گے۔ پولیس کو جائے واردات سے ایک پستول بھی ملا تھا جو خودکش حملہ آورکا تھا، خیال ہے کہ خودکش حملہ آور نے پستول حملے کی ناکامی کی صورت میں خود کواڑانے کے لیے رکھا تھا تاہم اس پستول کو بھی فارنزک کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے 21اکتوبر کو لاڑکانہ ،جیکب آباد اور شکار پور میں دہشت گردی کے ممکنہ حملہ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ نے دوتحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پہلی ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا ء اللہ عباسی کریں گے۔ دیگر اراکین میں فارنزک ڈویژن کے ماہرین شامل ہوں گے، اس ٹیم کی ذمے داری دھماکے کی تحقیقات کرنا ہو گی۔

دوسری ٹیم ڈی آئی جی لاڑکانہ سائیں رکھیو میرانی کی سربراہی میں بنائی گئی ہے، اس ٹیم میں ایس ایس پی جیکب آباد، ایس ایس پی شکار پور، ایس ایس پی لاڑکانہ اور ایس ایس پی اسپیشل برانچ شامل ہوں گے۔ دوسری تفتیشی ٹیم جلوس کی سیکورٹی میں غفلت برتنے والوں سے متعلق ذمے داروں کا تعین کرے گی۔ دونوں تفتیشی ٹیموں سے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

مزید خبریں :