25 اکتوبر ، 2015
لاہور ........پنجاب اور خیبر پختوانخوا میں موسم نے کروٹ لی ۔ اسلام آباد،لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، گلگت بلتستان اور چترال کے پہاڑوں پر برفباری سےموسم سرد ہو گیا ۔
لاہور کے مختلف علاقوں اور اسلام آباد میں تیز بارش ہوئی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے آج خیبرپختونخواہ، اسلام آباد، جنوبی اور بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔
اسلام آباد میں رات گئے تیزہواؤں کے ساتھ موسلاداربارش ہوئی جس سے سردی بڑھ گئی ۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن ، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ملتان، ڈی جی خان،ساہیوال، کوئٹہ ، ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی ہے ۔ جبکہ ملک کےدیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔جبکہ مالاکنڈ ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔
ملک کے بالائی علاقوں میں سردی بڑھنے لگی ۔ دیامر کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ،لواری ٹاپ پر بھی برف باری ، جبکہ گرد و نواح میں بارش سےندی نالوں میں طغیانی آگئی گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے پہاڑوں بٹوگا ٹاپ ، بابوسرٹاپ اور نانگا پربت پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے ۔ جبکہ چلاس اور گرد و نواح میں ہلکی بارش سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
ادھر لواری ٹاپ پر برف باری اور نشیبی علاقوں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے ۔ بارش کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور چترال پشاور روڈ آمد و رفت کے لیے بند کردی گئی ہے ۔ ادھر پنجاب میں گجرات شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
کوئٹہ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور خنکی میں اضانہ ہو گیا ہے۔ وادی کوئٹہ اور گرد ونواح میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے اور دھوپ بھی نکلی ہوئی ہے ،تاہم گزشتہ شام وادی میں ہلکی بارش ہوئی ،جس کے باعث آج خنکی میں اضافہ ہوگیا ہے، اور موسم گزشتہ روز کی نسبت قدرے سرد ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش پڑنے سے موسم خوشگوار ہوگیا،لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بازش ہوئی جس سے موسم خوشگوارہونے کے ساتھ سردی کی آمد کا اعلان ہو گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے درمیان وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔